Monday, 18 May 2015

شب معراج کی خصوصی نشریات میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین


شب معراج کی خصوصی نشریات میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خطاب اور نعتوں نے عجیب سماں باندھ دیا،پاک فوج سے اظہار یکجہتی
اس برس جیو کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کا نام رمضان شریف ہوگا،ہر دل عزیز میزبان کا اعلان ،عوام کا اظہار پسندیدگی
ممتاز ثنا خوانوں کا نذردانہ عقیدت،مولانہ بشیر فاروق قادری نے دعا کرائی ،24 خوش نصیبوں کو عمرے کے ٹکٹس دئیے
جیو کے زیراہتمام روح پرور ’’شبِ دیدار‘‘، ہزاروں عاشقان کی شرکت



کراچی( اسٹاف رپورٹر) شب معراج کی روح پرورساعتوں میں جیوٹیلی ویژن نیٹ ورک کی براہ راست خصوصی نشریات’’شب دیدار‘‘میںعالمگیر شہرت یافتہ ریسرچ اسکالراورممتازثناخواں ڈاکٹرعامرلیاقت حسین کے پُرسوز نذرانہ عقیدت اورسیدالمرسلین محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم الشان سفراسریٰ ومعراج پر عشق وعقیدت سے لبریزکلمات نے محفل میں شریک ہزاروں عقیدت مندوں اور ٹی وی اسکرین کے سامنے موجود کروڑوں ناظرین پررقت طاری کردی اور ایک پرکیف روحانی سماں باندھ دیا۔۲۶ اور ۲۷رجب المرجب کی نورانی ساعتوں میں جیو پر نشر ہونے والے اس فقیدالمثال اجتماع کا انعقادکراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں کیا گیا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کرکے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی بے پناہ عقیدت اورمحبت کا ثبوت دیا۔مسلسل آٹھ گھنٹے تک پوری دنیا میں براہ راست نشر ہونے والے اس تاریخ ساز اجتماع سے ’’ شب معراج کے اسراروموز‘‘کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے کہا کہ معراج محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک مکمل سائنس اور فلسفہ ہے جس نے زمان ومکان کے فلسفے کو بھی واضح کیااور بے شمار سائنسی تصورات کو بھی پیش کیا جس کی تصدیق جدید سائنس نے بھی کردی ہے۔۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معراج پر تشریف لے جانے کے بعد کائنات کے ساکت ہوجانے کا سبب بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اِس کائنات کی جان ہیں لہٰذا جب آپ اِس کائنات سے نکل گئے تو یہ کائنات مردہ اور ساکت ہوگئی اور جب آپ واپس تشریف لے آئے تو یہ کائنات پھرسے زندہ اور متحرک ہوگئی۔اس موقع پراپنے بعض ناقدین کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں انعام گھر مخلوق خدا کے لیے کرتا ہوں اور نعتیں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے پڑھتا ہوں ، میرا ماضی اور حال کھلی کتاب کی مانند ہے ،خود کو مبلغ ظاہر کرکے اور تقوے کالبادہ اوڑھ کرمغربی افکار کو عام نہیں کرتا، مدرز ڈے نہیں مناتا،اگر مدرز ڈے پر کسی کاضمیر جاگ ہی گیا ہے تو پہلے ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکی بارگاہ میں خلوص دل سے معافی مانگے اور پھر صفا ئیا ں پیش کرے۔اس موقع پر انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اس برس جیو پر رمضان کی خصوصی ٹرانسمیشن ’’رمضا ن شریف‘‘ کے عنوان سے پیش کی جائے گی جس پر حا ضر ین نے پسندیدگی کااظہار کیا۔ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے سورۂ نجم کی آیات، قرآن واحادیث پر مبنی حوالہ جات اور عشق افروزتشبیہات سے مزین اپنے تاریخ سازخطاب سے قبل معراج کے پرکیف مراحل اورروحانی کیفیات کے اظہار کے ساتھ بارگاہ رسالت میں نعتوں کا نذرانہ پیش کیا اوراپنے مخصوص دل آویزانداز میں معراج کے ذکرسے معمور اس برس کا خصوصی نعتیہ کلام ’’معراج کا ہے یہ سماں،آقامیرے پہنچے کہاں‘‘پیش کرکے حاضرین پر وجد کی کیفیت طاری کردی،آقاکریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم الشان سفر معراج کی عکاسی پر مبنی یہ خصوصی کلام ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے تحریر کرکے خود کوایک دلنشین ثناخواں کے ساتھ ایک بہترین نعت گو شاعر بھی ثابت کردیااور خوبصورت حوالوں کے ساتھ نعت پیش کرنے کے منفرد انداز کو شرکاء نے بے حد پسند کیااور جس وقت ہر دلعزیز اسکالر یہ کلام پڑھ رہے تھے ،ہر طرف سے سبحان اللہ کی صدائیں بلند ہورہی تھیں جس کے بعد اُنہوں نے اپنے پر جوش خطاب کا آغاز کیا جو تقریباًڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔ خطاب کے اختتام پردہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں امن وامان کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہاگیااور پاک فوج کا ساتھ دینے کے لیے بھرپور عزم کا بھی اظہار کیا گیا،اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہناتھا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ،اور ملک کی بقاوسلامتی کے لیے پوری قوم فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑی ہے۔اس موقع پر پا کستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری ، ممتاز عالم دین ڈاکٹر فضل احمد ،اہل سنت وجماعت کے سربراہ مفتی عابد مبارک ،معروف سماجی رہنما محمد رمضان چھیپا، غلام شبیر ٹیکسٹائل کے مالک غلام شبیر ، مفتی جہانگیر امجدی ،مفتی عبدالقادر،میاں محمود، شہریارطارق،علی محمد اورمحمدعاطف حنیف بلوسمیت علماو معززین کی ایک بہت بڑی تعداد بھی اسٹیج پر موجود تھی۔معراج النبی کی اس پُرنور محفل میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر عطاء المصطفیٰ جمیل راٹھور نے نہایت عمدگی سے انجام دیے اور اپنے جداگانہ انداز سے ناظرین کے دل موہ لیے۔ محفل کے آغازمیں ملک کے ممتاز قاری محمد حسین آرائیں نے معراج کی مناسبت سے سورۂ نجم اور سورۂ بنی اسرائیل کی منتخب آیات تلاوت کرکے حاضرین وناظرین کی سماعتوں کو مہکایا جبکہ معروف ثنا خو ا ں حافظ احمد رضا قادری نے بارگاہ خداوندی میں حمدپڑھنے کی سعادت حاصل کی اورپھرمایہ نازثناخواں عمران شیخ عطاری،حافظ طاہر قادری، محمد علی سہر ور د ی ،عقوب ابراہیم نقشبندی اور معین عالم کے ساتھ بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت نچھاورکرتے ہوئے ایک روح پرورفضاقائم کردی ۔اس روح پرور محفل کا اختتام معروف روحانی شخصیت اورسیلانی ویلفیئرٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ مولانامحمدبشیر فاروق قادری کی رقت آمیزد عا پرہوا۔ اس پرمسرت موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بذریعہ قرعہ اندازی 24 خوش نصیبوں کو عمرے پر بھیجنے کااعلان کیا،اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اورخوش نصیب افراد اپنانام سن کر آبدیدہ ہوگئے۔ بعدازاں جنگ،جیو اور جیو نیوزکے دفاتر میں دنیا بھرمیں بسنے والے ہزاروں ناظرین نے جیونیٹ ورک کو اس عظیم الشان روح پروراجتماع کی کامیاب نشریات پیش کرنے پرمبارک باددی اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے اپنے محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔

No comments:

Post a Comment